اسلام آباد۔ 2 ڈسمبر (یو این آئی) پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی صحت کے حوالے سے گزشتہ چند دنوں سے جاری افواہوں پر آج اس وقت لگام لگ گیا جب ان کی چھوٹی بہن عظمیٰ خانم کی اڈیالہ جیل میں عمران خاں سے ملاقات ہوئی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں بہن عظمیٰ خانم کی ملاقات ہوئی جس کے بعد انہوں نے بتایا کہ بھائی خیریت سے ہیں اور ان کی صحت ٹھیک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مسلسل ذہنی اذیت دی جارہی ہے ، قید تنہائی میں رکھا گیا ہے ۔ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے بہنوں کی ملاقات بہت ضروری تھی، ایک ماہ ہوگیا ان سے بہنوں کی ملاقات نہیں ہوئی۔ آج پتہ چلا کہ عظمیٰ خانم کو ملاقات کی اجازت ملی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عظمیٰ خانم ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گئی ہیں، ملاقات ہونی چاہیے، اس سے بہنوں ، خاندان اور کارکنوں کو آگاہی ملتی ہے ۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے کتنی زیادہ تشویش ہوگئی ہے ، ملاقات کے لیے میرا بھی نام تھا اور مجھے تاحال نہیں بتایا گیا نہ ہی میری ملاقات ہوئی ہے ۔