’’عمران خان مذاکرات کیلئے آمادہ مگر پہل حکومت کو کرنا ہو گی‘‘

   

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہاکہ عمران خان تمام شراکت داروں سے بات چیت کیلئے آمادہ ہیں تاہم ملک کو بحرانی صورت سے نکالنے کیلئے حکومت کو پہل کرتے ہوئے مذاکرات کی دعوت دینی ہو گی۔اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتی، پی ٹی آئی سیاسی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دونوں سے بات چیت کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک سے سیاسی بے یقینی کا خاتمہ کیا جاسکے۔ پی ٹی آئی کوشش کررہی ہے کہ بات چیت ہو جائے لیکن ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح حکومت کے ساتھ بھی مذاکرات کی خواہش ہے لیکن اس میں بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔اس سوال پر کہ حکومت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اگر مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو عمران خان وزیرِاعظم شہباز شریف سے رابطہ کریں؟ جواب میں رؤف حسن نے کہا کہ حکومت شہباز شریف کے پاس ہے لہذا ان پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پی ٹی آئی چیئرمین سے رابطہ کریں تاکہ مذاکرات کا آغاز ہو سکے۔