عمران خان نے دوسرے ملک سے ملی گھڑی باہر بیچ دی تو اس میں جرم کیا؟: فواد چودھری

   

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم عمران خان نے کسی دوسرے ملک سے تحفہ میں ملی گھڑی باہر بیچ دی تو اس میں جرم کیا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات کے جواب میں مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’ابھی تک تو مجھے پتہ نہیں ہے کہ وہ ریفر کیا کر رہے ہیں۔ مطلب وہ ریفر کر رہے ہیں کہ گھڑی جو باہر کے ملک نے تحفے میں دی، وہ وزیراعظم (عمران خان) نے حکومت سے خرید لی اور باہر جا کر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہوا؟‘انہوں نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آئی کہ (عمران خان) پر الزام ہے کیا؟ مطلب انہیں اعتراض ہے کیا؟ اگر آٹھ نو کروڑ روپے کی گھڑی ہو یا 10 کی ہو یا پانچ کی ہو یا دو کی ہے، اگر میری گھڑی ہے اور میں نے بیچ دی ہے تو اس پر تو کوئی اعتراض بنتا نہیں ہے۔‘واضح رہے مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سینیئر اینکر پرسنز سے افطاری کے بعد بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمران خان نے تحفے میں ملی گھڑی فروخت کر دی تھی۔‘