ہراساں کیا گیا تو قوم کے سامنے ہر چیز کا انکشاف کردوں گا، عمران کا انتباہ
اسلام آباد : پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان پر شدید تنقید کی کہ وہ نفرت اور عدم رواداری کی سیاست پر عمل پیرا ہیں، جس نے ساری قوم کو منقسم کر رکھا ہے اور ایسا نقصان پہنچایا جس کی شاید کبھی تلافی نہ ہو۔ آصف نے کہاکہ عمران خان کی سیاست اور اُن کا برتاؤ اُن تمام کے خلاف نفرت پر مبنی ہے جو اُن کے خلاف بولتے ہیں۔ اِس رجحان نے بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ وزیر دفاع قومی اسمبلی کے ایوان میں مخاطب تھے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ عمران خان نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی پاکستانیوں کو منتشر کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کینیڈا ہم پر تنقیدیں کررہا ہے۔ آصف نے کہاکہ سابق وزیراعظم ہر جگہ نفرت پھیلارہے ہیں۔ وہ اپنے خونی رشتہ داروں کو تک محبت نہیں دے سکے، اِس قوم کو کیسے محبت دے سکتے ہیں۔ دریں اثناء عمران خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن کو ہراساں کیا گیا اور ہر درجہ دباؤ ڈالا گیا تو وہ کئی باتوں کا انکشاف کرنے پر مجبور ہوجائیں گے اور سب کچھ قوم کے سامنے لے آئیں گے۔ ’’میں صرف اس لئے چپ ہوں کہ میرے ملک کو کوئی نقصان نہ پہنچے‘‘۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے کئی اختلافات ہو سکتے ہیں مگر وہ ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دینا چاہتے تھے، جس کا مقصد عوام کی بہتری ہو، پاکستان کا جو جمہوری عمل تھا وہ اب رُک گیا ہے، جس سے ملک کا نقصان ہوا ہے، مارشل لا آیا، اُس کے بعد جمہوری نظام آیا اور اب پھر سے وہ عمل رُک گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے اور اب جو کچھ ہوا ہے، اس میں ایک ہی چیز یہ ہوئی ہے کہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی پر امریکہ خوش نہیں ہے۔