عمران خان پر قاتلانہ حملے کا خدشہ، سی ٹی ڈی کی وارننگ

   

پشاور: پاکستانی کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خطرے سے خبردار کر دیا۔ سی ٹی ڈی کے خیبرپختونخوا ونگ کی جانب سے جاری کردہ تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد عمران خان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کیلئے افغانستان میں ایک قاتل سے مدد مانگ لی ہے۔ تھریٹ الرٹ کا متن مختلف فورمز پر شیئر کیا گیا ہے جس کے مطابق ایک افغان ٹارگٹ کلر کو عمران خان کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔سی ٹی ڈی نے تمام متعلقہ اداروں کو تھریٹ الرٹ کے پیش نظر سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔دریں اثنا کے پی کے ایک سینئر پولیس اہلکار نے تصدیق کی کہ سی ٹی ڈی نے 18 جون کو الرٹ جاری کیا تاہم انہوں نے کہا کہ دھمکی کو خفیہ رکھنے اور اسے سوشل میڈیا پر لیک ہونے سے روکنے کے احکامات تھے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی حال ہی میں عمران خان کی جان کو لاحق خطرے کے خدشات کا اظہار کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انہیں قتل کرنے کیلئے ایک ٹارگٹ کلر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔