لاہور: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ٹوئٹر پربیان میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے کہا کہ کے پی اور پنجاب میں الیکشن سے متعلق از خود نوٹس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ آئین کو بحال رکھنا سپریم کورٹ کی ذمہ داری تھی جسے انہوں نے آج کے فیصلے سے بخوبی پورا کیا ہے۔ یہ پاکستان میں قانون کا نفاذ ہے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کو معطل کرتے ہوئے ہم اب خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابی مہم چلائیں گے۔علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف کی زیرِصدارت اہم ترین اجلاس ہوا جس میں مرکزی قائدین اور پارٹی ترجمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کی سرکردگی میں عدلیہ اور ججز پر حملوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔