عمران خان کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے حکومتی اتحاد کا فیصلہ

   

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت حکومتی اتحادیوں کے اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئین و قانون کی حدود پھلانگ کر اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سرخ لکیر پار کرنے پر قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔حکومتی اتحادیوں کے اجلاس کے جاری کیے گئے اعلامیے میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو وارننگ دیتے ہوئے انہیں عمران خان کے آلہ کار بن کر فساد کی راہ ہموار کرنے سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد میں کسی صورت داخل نہ ہونے دینے کا فیصلہ کرلیا۔ شہباز شریف کی زیر قیادت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی قیادت کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں مولانا فضل الرحمان، آفتاب احمد شیر پاؤ، اختر مینگل، خالد مقبول صدیقی، انس نورانی سمیت اتحادی جماعتوں کے دیگر قائدین نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم اور اتحادی کے ممبران پر مشتمل 2 کمیٹیاں تشکیل دے دیں، ایک کمیٹی پارٹی ترجمانوں اور دوسری قانونی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئین اور قانون کی حدوں کو پھلانگ کر وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کو خبردار کیا کہ وہ عمران خان کے آلہ کار بن کر فساد کی راہ ہموار کرنے سے بازرہیں ورنہ آئینی لکیر پار کرنے پر قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔