عمران خان کیخلاف25مارچ کو تحریک عدم اعتماد

   

اسلام آباد : پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف داخل کی گئی عدم اعتماد کی تحریک پر سپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔اتوار کو قومی اسمبلی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’اجلاس اپوزیشن کی جانب سے داخل کی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔‘قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس طلب کرنے کے آرڈر کے مطابق 21 جنوری کو اسمبلی کے منعقدہ اجلاس میں اسمبلی ہال کو 22-23 مارچ کو ہونے والے او آئی سی وزرا خارجہ کے اجلاس کو منعقد کرانے کے لیے تحریک منظور کی گئی تھی۔ وزارت خارجہ کی جانب اسمبلی ہال اور اس کی لابیوں کی تزئین و آرائش کی ضروریات کے تحت فروری کے آخر میں سی ڈی اے کی جانب سے کام شروع کیا گیا۔ مارچ 8 مارچ کو ریکوزیشن موصول ہونے پر سینٹ ہال کے لیے سینٹ سیکرٹیریٹ سے رابطہ کیا گیا جبکہ سینٹ ہال کی تازئین و آرائش کی وجہ سے ہال دستیاب نہ ہو سکا۔ قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں نے سپیکر سے قومی اسمبلی کا اجلاس فوری طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقررہ مدت میں اجلاس نہ بلانا آئین سے انحراف ہے۔اتوار کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آئین ا سپیکر کو پابند کرتا ہے کہ وہ تحریک داخل کیے جانے کے 14 دن کے اندر اسمبلی کا اجلاس طلب کرے۔