اسلام آباد : عمران خان پاکستان کی تاریخ میں آج پہلے وزیراعظم بنے جن کو پارلیمنٹ ( قومی اسمبلی ) میں اپوزیشن اتحاد کی پیش کردہ تحریک عدم اعتماد میں شکست ہوگئی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کا نصف شب کی ووٹنگ سے عملاً واک آوٹ ہوا جس کے نتیجہ میں تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ شمار ہوئے ۔ سپریم کورٹ نے ہدایت تھی کہ ہفتہ 9 اپریل کوتحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرالی جائے ۔ تاہم عین وقت پر اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان دونوں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ۔ اس کے بعد مقننہ کو عبوری انتظام کرنا پڑا جسے کرکٹ کی اصطلاح میں ’ تھرڈ امپائر ‘ کہہ سکتے ہیں ۔ عبوری اسپیکر کی نگرانی میں ووٹنگ ہوئی اور سابق پاکستان کرکٹ کیپٹن کی وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے اننگز ختم ہوگئی ۔ ساڑھے تین سال پرانی عمران حکومت گر گئی۔ دن سے رات تک طویل سیاسی کشاکش نے پاکستان میں حکومتی خلا چھوڑ دیا۔ قبل ازیں عمران خان پی ایم ہاوس سے چلے گئے ۔