عمران خان کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت

   

اسلام آباد ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان جاریہ سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں سیشن میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کیلئے پاکستانی وفد وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی تک محدود ہوگا جس کا مقصد قومی خزانے پر زائد بوجھ نہ ڈالنا ہے۔ چہارشنبہ کو عمران خان کی قیادت میں ایک کابینی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا تھا جس کے بعد مسٹر اعوان نے یہ بیان دیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ اس وقت پاکستان کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے اور وہ مختلف ذرائع سے خطیر رقمی قرضہ جات حاصل کرنے کوشاں ہے جیسے آئی ایم ایف، عالمی بینک اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک وغیرہ۔ علاوہ ازیں پاکستان کو اپنے قریبی حلیف ممالک چین اور سعودی عرب سے بھی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔