عمران خان کی جیل میں صحت پر کرکٹ لجنڈز کا اظہار تشویش

   

نئی دہلی۔ 17 فروری(ایجنسیز) کرکٹ کی دنیا نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر عمران خان کی جیل میں بگڑتی ہوئی صحت اور بینائی کم ہونے کی خبروں کے درمیان شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دنیا بھر کے چودہ سابق کرکٹ کپتانوں نے مشترکہ طور پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر عمران خان کے لیے فوری طبی سہولتوں کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں سنیل گواسکر، کپل دیو، ایلن بارڈر، اسٹیو وا سمیت کئی عالمی لیجنڈز نے کہا ہے کہ عمران خان کو ان کی پسند کے ڈاکٹروں سے فوری علاج کی اجازت دی جائے، اہل خانہ سے باقاعدہ ملاقات کا حق دیا جائے اور بغیر تاخیر منصفانہ اور شفاف قانونی عمل یقینی بنایا جائے۔ خط لکھنے والوں نے واضح کیا کہ ان کی اپیل انسانیت اور اسپورٹس مین شپ کے جذبے کے تحت ہے اور وہ کسی قانونی کارروائی میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔ عمران خان کو اپنے دور کے عظیم آل راؤنڈرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 1992 میں ون ڈے عالمی کپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ سابق کپتانوں نے اپنے خط میں لکھا کہ عمران خان کی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اور انہوں نے اپنی قیادت، ہمت اور کھیل کے جذبے سے آنے والی نسلوں کو متاثر کیا۔ خط پر دستخط کرنے والوں میں گریگ چیپل، بیلنڈا کلارک، مائیکل ایتھرٹن، ناصر حسین، ایان چیپل، مائیکل بریرلی، ڈیوڈ گوور، کم ہیوز، کلائیو لائیڈ اور جان رائٹ بھی شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس خط پر کسی سابق پاکستانی کپتان کے دستخط نہیں ہیں، تاہم گزشتہ ہفتے وسیم اکرم، وقار یونس اور شاہد آفریدی سمیت کئی سابق پاکستانی کرکٹرز نے سوشل میڈیا پر عمران خان کو مناسب طبی امداد دینے کی اپیل کی تھی۔
عمران خان سے بشریٰ بی بی کی ملاقات
دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی گئی جو تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی ۔ یہ ملاقات کانفرنس روم میں کروائی گئی ۔ بشریٰ بی بی نے عمران خان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور ان کی خیریت معلوم کی ۔ پارٹی لیڈر بیرسٹر سیف نے یہ ملاقات کیلئے خصوصی اجازت حاصل کی ۔