دوحہ ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے۔ جہاں وہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن الثانی سے ملاقات کریں گے۔وزیراعظم کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون مستحکم کرنا اورعلاقائی صورتحال میں موجودہ تبدیلیوں پرتبادلہ خیال کرنا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری اور پیٹرولیم کے معاون خصوصی ندیم بابر وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم دورے میں قطر کے امیر سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر غورکیا جائے گا۔ عمران خان قطر کے سرمایہ کاروں اور تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے۔حکومت سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ قطر کے امیر نے جون دو ہزار انیس میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دورے کے نتیجہ میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو تقویت ملی ہے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ اس عمل کو مزید آگے بڑھائے گا۔
