اسلام آباد ۔ 3 جنوری (ایجنسیز) سزا پانے والوں میں سابق فوجی افسران سے یوٹیوبر بننے والے عادل راجہ اور سید اکبر حسین، صحافی وجاہت سعید خان، صابر شاکر اور شاہین صہبائی، تبصرہ نگار حیدر رضا مہدی اور تجزیہ کار معید پیرزادہ شامل ہیں۔ پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے جمعہ کے روز آٹھ صحافیوں اور سوشل میڈیا تبصرہ نگاروں کو ان کی غیر حاضری میں عمر قید کی سزائیں سنا دیں۔ ان تمام افراد کو جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں آن لائن دہشت گردانہ سرگرمیوں کے الزامات کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے۔ یہ سزائیں نو مئی 2023ء کے پرتشدد احتجاج کے بعد درج کیے گئے مقدمات سے تعلق رکھتی ہیں، جب عمران خان کی مختصر گرفتاری کے بعد ان کے حامیوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے تھے۔ اس واقعہ کے بعد سے پاکستان کی موجودہ حکومت اور فوج نے عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف اور اختلاف رائے کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ اس وقت سینکڑوں افراد کو اشتعال انگیزی اور ریاستی اداروں پر حملوں کے الزامات میں مقدمات کا سامنا ہے، جبکہ انہیں سزائیں دینے کے لیے انسداد دہشت گردی قوانین اور فوجی عدالتوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے اسلام آباد میں اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمان کے اقدامات پاکستانی قانون کے تحت دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں اور ان کے آن لائن مواد نے معاشرہ میں خوف کے ساتھ ساتھ بے چینی کو فروغ دیا۔
