عمران خان کے خلاف جیل میں اوپن ٹرائل کا حکم

   

اسلام آباد: آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف سائفر کیس کی سماعت اوپن کورٹ میں کرنے کا حکم دے دیا ہے۔اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے منگل کو سائفر کیس کی سماعت کی تو عدالتی حکم کے باوجود عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔عدالت نے 23 نومبر کو ہونے والی سماعت پر دونوں ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔تاہم منگل کو اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو بذریعہ خط بتایا کہ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے عمران خان کو پیش نہیں کیا جا سکتا جس پر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے وکلا نے اعتراض کیا۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے خط کی روشنی میں یکم دسمبر سے اڈیالہ جیل میں اوپن ٹرائل ہو گا اور جو بھی ٹرائل دیکھنے کی خواہش رکھتا ہے اسے اجازت ہو گی۔