واشنگٹن : امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے مشیر ڈیرک شولے نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اہم ملک ہے، کوئی بھی حکومت ہو اس سے تعلقات و تعاون جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان سے تعلقات کثیر الجہتی ہیں اور یہ تعلقات صرف افغانستان تک محدود نہیں۔انہوں نے کہا سکیورٹی اوراقتصادی تعاون اور سیلاب زدگان کیلئے امداد امریکی عزم کا اظہار ہے۔ڈیرک شولے کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی آپریشن میں پاکستان اہم حلیف رہا، پاک امریکہ فوجی تعاون مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے علاوہ بھی دہشت گردی سے نمٹنا ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے، انسداد دہشتگردی آپریشن میں پاکستان کا ساتھ ماضی میں رہا، امید ہے آگے بھی رہے گا۔ڈیرک شولے کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان صحت کے شعبے میں پہلا ڈائیلاگ منعقد ہوا ہے، امریکہ پاکستان سے تعاون کیلئے پرعزم ہے، پاکستان امریکا کے75 سالہ سفارتی تعلقات ہیں، امید ہے آنے والے برسوں میں بھی ایسا رہے گا۔