عمران خاں کا سعودی اور ابو ظہبی کے ولیعہد کو فون افغانستان اور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت

   

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سربراہ اور ریاست ابوظہبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور افغانستان اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ اتوار کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی فونگ گفتگو میں عمران خاں نے باہمی تعلقات اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور علاقائی استحکام کیلئے بہت ضروری ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغان عوام کے ساتھ کھڑی ہو اور معاشی طور پر ان کی مدد کرے اور ساتھ ہی ملک کی تعمیر نو میں بھی مدد کرے۔ ابوظہبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات برادرانہ اور قریبی ہیں۔

بی جے پی حکومت پر نازیوں کا اثر : عمران خان

اسلام آباد : پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے انڈین پولیس کی جانب سے وفات پانے والے کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت ’نازیوں‘ سے متاثر نظر آتی ہے۔اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’پہلے 92 سالہ سید علی گیلانی جو محترم ترین اور بااصول کشمیری رہنماؤں میں ایک ہیں، کا جسد خاکی چھیننا اور پھر ان کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ قائم کرنا نازیوں سے متاثر آر ایس ایس، بی جے پی سرکار کے ہاتھوں ہندوستان کی سفاکیت کی ایک اور شرمناک مثال ہے۔‘ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سید علی گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمہ بڈگام پولیس سٹیشن میں درج کیا گیا اور ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے ہندوستان کے خلاف نعرے لگائے اور ان کے جسد خاکی پر پاکستانی جھنڈا لہرایا۔یاد رہے کہ کشمیر کے حریت پسند رہنما سید علی گیلانی چہارشنبہ کی رات سرینگر میں انتقال کر گئے تھے جس کے بعد حکام کی جانب سے لوگوں کو ان کے جنازے میں شرکت کی اجازت نہ دی گئی۔سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد کشمیر میں تاحال کشیدگی برقرار ہے۔