پاکستان قومی اسمبلی اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری‘ہنگامہ آرائی کرنے حکومت کا منصوبہ
اسلام آباد:پاکستان قومی اسمبلی میں آج وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی۔ اس اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق قائد اپوزیشن شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کی گئی عدم اعتماد کی قرارداد پرووٹنگ کی جائیگی۔اس قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایوان وزیراعظم عمران خان پرعدم اعتماد کرتا ہے، عمران خان ایوان کا اعتماد کھوچکے لہٰذا وزیراعظم کے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔ دوسری طرف وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لیڈر شپ نے تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پارلیمنٹ لاجز اور پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کا منصوبہ بنالیا۔ میڈیاکے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن ارکان کو پہلے پارلیمنٹ لاجز میں ہی روکا جائے گا تاکہ وہ قومی اسمبلی نہ پہنچ سکیں، جو ارکانِ قومی اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوجائیں گے انہیں زد و کوب کیے جانے کا خدشہ ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کل ووٹنگ کے عمل میں تاخیر کی تجویز کی اسپیکر نے مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ کل آخری دن ہے ، ووٹنگ کو مؤخر نہیں کرسکتے۔ اتوار 3 اپریل کو قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی اور عدم اعتماد کی قرارداد منظور ہوگئی تو وزیراعظم کو عہدہ چھوڑنا ہوگا۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون میں جلسے جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی۔دفعہ 144 کے تحت اسلام آباد میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، فیصلہ امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے خدشے پر کیا گیا، دفعہ 144 فوری نافذ ہوگی اور خلاف ورزی پر کارروائی کی جائیگی۔عمران خان نے ووٹنگ کے پورے عمل کو غیر معتبر قرار دیا اور کہا کہ وہ ووٹنگ کو نہیں مانتے ۔ تحریک انصاف پارٹی کے صدر عمران خان نے کہا کہ اللہ نے ان کی پارٹی کو غداروں سے پاک کیا ہے ۔۔