کراچی ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ نے ملک کے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت دنیا کے ہر مالدار ملک کا دورہ کررہے ہیں تاکہ وہاں سے پاکستان کے لئے مالی امداد حاصل کرسکیں۔ اس وقت پاکستان کی معیشت انتہائی کمزور ہوچکی ہے جسے عمران خان ایک بار پھر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (IMF) سے 8 بلین ڈالرس کا قرض طلب کیا ہے تاکہ مالی عدم استحکام کے شکار پاکستان کو مالی بحران سے نکالا جاسکے۔ صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ماتلی اور بدین میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران دردر بھٹک رہے ہیں اور بھیک مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں کو سیاست کا کوئی تجربہ نہیں ہے وہ اعلیٰ عہدہ پر فائز ہوگئے ہیں۔