لکھنؤ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے جمعہ کی تاخیر شب اپنی ساتویں فہرست جاری کر دی۔ اس میں 35 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ۔ پارٹی نے اتر پردیش کی دو سیٹوں پر اپنے امیدوار تبدیل کردیے ہیں۔کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر راج ببر اب مرادآباد کی جگہ فتح پور سیکری سے الیکشن لڑیں گے ۔ ڈاکو ددوا کے بھائی کو باندہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ شاعر عمران پرتاپ گڑھی کو مرادآباد سیٹ سے پارٹی امیدوار ہوں گے ۔ بجنور سے نسیم الدین صدیقي کو اندرا بھاٹی کی جگہ پارٹی امیدوار بنایا گیا ہے ۔خطرناک ڈاکو ددوا کے بھائی، بال کمار پٹیل مرزا سے سماجوادی پارٹی کے سابق ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ بال کمار پٹیل جمعہ کو نئی دہلی میں کانگریس میں شامل ہوئے ۔جمعہ دیر رات پارٹی کی طرف سے جاری کی گئی ساتویں فہرست میں، کانگریس نے اتر پردیش سے مزید 9 امیدواروں کا اعلان کیا، جبکہ دو دیگر کو تبدیل کیا گیا۔ اب تک کانگریس نے 44 امیدواروں کا اعلان کیا ہے ، جبکہ انہوں نے اتحادی اور اپوزیشن شراکت داروں کے لئے کل 80 میں سے 16 نشستیں چھوڑ دی ہیں۔