ممبئی: کانگریس میں راجیہ سبھا سیٹ کو لے کر گھمسان مچا ہوا ہے۔ کانگریس نے آئندہ راجیہ سبھا الیکشن کے لئے پارٹی کی طرف سے 10 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، لیکن کئی لیڈران کو ان نئے ناموں پر اعتراض ہے۔ سب سے زیادہ اترپردیش کے عمران پرتاپ گڑھی کے نام کو لے کر مخالفت ہو رہی ہے۔مہاراشٹر کے ایک لیڈر نے عمران پرتاپ گڑھی کو امیدوار بنائے جانے کی مخالفت میں کانگریس کے مہاراشٹر یونٹ کے جنرل سکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے لیڈر آشیش دیشمکھ نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں اترپردیش کے لیڈر کو تھوپا جا رہا ہے، جو مہاراشٹر کے کانگریس کارکنان کے ساتھ نا انصافی ہے۔ آشیش دیشمکھ نے اپنا استعفیٰ پارٹی صدر سونیا گاندھی کو بھیج دیا ہے۔