نئی دہلی: دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں مشہور شاعر اور کانگریس کے راجیہ سبھا رکن عمران پرتاپ گڑھی کی خدمات پر مبنی کتاب ’اللہ کرے زور شباب اور زیادہ‘ کی رسمِ اجرا کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر معروف شعرا، ادیبوں اور فلمی شخصیات نے شرکت کی اور کتاب کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ کتابیں انسان کو تہذیب سکھاتی ہیں اور مطالعہ ایک مہذب سماج کی تشکیل کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں کتابوں سے دوری ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے لیکن کتابیں ہی ہمیں تاریخ، ثقافت اور شخصیات کی خدمات سے روشناس کراتی ہیں۔ انہوں نے اپنی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک چھوٹے سے شہر پرتاپ گڑھ سے نکل کر ملک کے مشہور شاعر اور سیاست دان بنے۔ انہوں نے اپنے سفر کی مشکلات اور تجربات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مشاعرے بھی کسی سیاست سے کم نہیں ہوتے اور یہی تجربہ ان کے سیاسی سفر میں بھی کام آیا۔