اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان کا آن لائن خطاب ، ہندوستان کشمیر پر پھر ایک بار چراغ پا
نئی دہلی : اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں ہندوستانی مندوب نے آج وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تقریر کے سبب واک آؤٹ کیا۔ کورونا وائرس وباء کے سبب عالمی قائدین ریکارڈ شدہ تقریر بھیج رہے ہیں ۔ جمعہ کو عمران خان کی تقریر نیویارک میں جنرل اسمبلی میں بڑے اسکرین پر دکھائی گئی ۔ عمران خان نے ماضی کے کئی موقعوں کی طرح کشمیر کا مسئلہ اٹھایا جس پر ہندوستانی مندوب مجیتو ونیتو نے جیسے ہی عمران خان کے الفاظ سنے وہ اپنے کاغذات اٹھاکر ہال سے نکل گئے ۔ عمران خان نے کہا کہ کشمیر تنازعہ پر عالمی برادری کو توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکومت ہند کو دیگر کئی مسائل پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ عمران خان کی تقریر کے بعدہندوستان کے مستقل نمائندے برائے اقوام متحدہ ٹی ایس تر ی مورتی نے ٹویٹ کیا کہ ہندوستان اپنے حق جواب سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم کے خطاب پر اپنا ردعمل ظاہر کرے گا۔ 75 ویں یو این جنرل اسمبلی جاری ہے جس میں پاکستانی وزیراعظم کا بیان ہندوستانی نمائندہ کی دانست میں نئی سیاسی پستی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جھوٹ باتوں کو پھیلا رہا ہے ، شخصی حملے کررہا ہے اور جنگ کے لئے اشتعال دلارہا ہے ۔ وہ خود اپنی سرزمین سے سرحد پار دہشت گردی کا موجب بن رہا ہے اور اندرون ملک اقلیتوں پرظلم کررہا ہے ۔ تری مورتی نے کہا کہ پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی توقع ہے یو این جنرل اسمبلی سے ویڈیو بیان کے ذریعہ ہفتہ کو خطاب کریں گے ۔