کراچی۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں عمر اکمل اور اوپنر احمد شہزاد کی واپسی ہوئی ہے۔ پی سی بی کے مطابق مصباح الحق نے بولنگ کوچ وقار یونس کے ساتھ ٹیم سلیکشن کے معاملات پر بات چیت کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں ردو بدل کیا ہے ۔ معلنہ ٹیم میں عابد علی، محمد رضوان اور امام الحق کی جگہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشر ف کو شامل کیا گیا ہے۔ فہیم اشرف انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل تھے جبکہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ایک مرتبہ پھر موقع دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق احمد شہزاد اور عمر اکمل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کے لیے خصوصی منصوبہ دیا گیا تھا، اس کے جائزے کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق کراچی میں ونڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 5 ، 7 اور 9 اکتوبر کو کھیلی جائے گی۔