عمرعبداللہ کی تصویر دیکھ کر تکلیف ہوئی : اسٹالن

   

چینائی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن نے پیر کو کہاکہ نیشنل کانفرنس کے صدر عمر عبداللہ کی تصویر دیکھ کر تکلیف ہوئی ہے۔ جس (تصویر) میں اُن کی داڑھی بڑھتی ہوئی دیکھی گئی ہے۔ اسٹالن نے جموں و کشمیر میں زیرحراست تمام قائدین کی فی الفور رہائی کے لئے مرکز سے مطالبہ کیا۔ دراوڑی قائد اسٹالن نے ان (عمر عبداللہ) کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لئے ٹوئٹر کا استعمال کیا اور تین مختلف تصاویر منسلک کرتے ہوئے لکھا کہ عمر عبداللہ کی تصویر دیکھ کر کافی تکلیف پہونچی ہے۔ پہلی تصویر میں عمر عبداللہ کو کلین شیو، دوسری میں اوسط داڑھی اور تیسری تصویر میں بڑھی ہوئی داڑھی بتائی گئی ہے۔ اسٹالن نے مزید لکھا کہ ’فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی اور دیگر کشمیری قائدین کے بارے میں بھی مساویانہ تشویش ہے جنھیں کسی مقدمہ کے بغیر ہی حراست میں رکھا گیا ہے۔ تمام سیاسی محروسین کی رہائی کے ساتھ وادی میں معمول کے حالات بحال کرنا چاہئے۔