عمرہ اجازت نامہ کی اجرائی صرف اعتمرنا ایپ سے ہوگی

   

مکہ مکرمہ ۔ وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ اور زیارت مسجد نبوی الشریفﷺ کے لئے فرضی اجازت نامہ دلانے والوں سے ہوشیار رہا جائے۔وزارت حج و عمرہ نے شہریوں اورغیرملکیوں کو متنبہ کیا ہے کہ عمرہ اجازت نامہ کا اجرا صرف مخصوص ایپ اعتمرنا سے ہی کیاجاتا ہے۔ اس حوالے سے کسی ادارے یا افراد کو یہ اجازت نامہ جاری کرنے کا اختیارحاصل نہیں۔ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکی عمرہ کی ادائیگی یا مسجد نبویﷺ الشریف میں روضہ رسول کی زیارت یا مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے لیے وزارت کی ایپ سے خود اجازت حاصل کریں۔ اس ضمن میں ایسے کسی فرد یا ادارے سے رجوع نہ کریں جو عمرہ اجازت دلانے کے دعویدار ہو۔ واضح رہے کورونا وائرس کے سبب احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مارچ کے آخری ہفتے سے عمرہ پر عارضی پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم کورونا وائرس کی وبا پر کافی حد تک قابو پانے کے بعد عمرہ کی ادائیگی احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری کی جاچکی ہے۔عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت کی ادائیگی کیلئے وزارت کی جانب سے ایس او پیز پرعمل کو یقینی بنانے کیلئے پرمٹ کا قانون بنایا تاکہ عمرہ زائرین کی تعداد کو محدود رکھتے ہوئے عمرہ کو منظم کیاجائے۔وزارت حج وعمرہ کی جانب سے اجازت حاصل کرنے کیلیے اعتمرنا ایپ متعارف کی گئی ہے جس کے ذریعہ کوئی بھی شخص عمرہ کے لئے اجازت حاصل کرسکتا ہے جس کی کوئی فیس نہیں ہوتی۔عمرہ اجازت نامہ کے بارے میں بعض افراد نے کہا ہے کہ ایسی عمرہ کمپنیاں ہیں جو اجازت نامہ جاری کرنے کی مجاز ہیں۔اس بارے میں وزارت حج وعمرہ نے واضح طور پر کہا کہ کوئی بھی شخص یا ادارہ عمرہ اجازت جاری کرنے کا مجاز نہیں پرمٹ براہ راست اعتمرنا ایپ سے جاری کرایا جائے۔واضح رہے وزارت کی جانب سے اعتمرنا ایپ پر جاری ہونے والے اجازت نامہ میں نام ،اقامہ نمبر اور عمرہ کی ادائیگی کے لئے دن ، تاریخ اور وقت مقررکیاجاتا ہے, پرمٹ کی تمام کارروائی کمپیوٹرائز ہے جو خود کار طریقے سے مکمل ہوتی ہے۔