ریاض ( کے این واصف) زائرین حرمین شریفین کے مفاد میں انتظامیہ اعلانات و ہدایات جاری کرتا رہتا ہے ۔ ایک تازہ ہدایت میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیرون ممالک سے آنے والے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مملکت میں رجسٹرڈ بینکنگ چینل کو استعمال کریں ۔ عاجل نیوز کے مطابق وزارت حج و عمرہ کے ٹوئٹر پر بیرون ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کو خبردار کیا گیا کہ کرنسی تبدیل کرانے یا کرنسی کے کسی اور معاملہ کا لین دین کرنے کیلئے منظور شدہ بینک اور منی چینجرز سے رابطہ کیا جائے ۔ رقم تبدیل کرانے کیلئے بھی قانونی منی چینجرز سے رابط کریں تاکہ کسی قسم کے نقصان کا اندیشہ نہ ہو ۔ وزارت کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے زائرین مملکت میں مروجہ بینکنگ انٹرنیشنل ، اے ٹی ایم کارڈس بھی استعمال کرسکتے ہیں جو سعودی بینکنگ کونسل کے نیٹ ورک سے مطابقت رکھتے ہوں ۔ وزارت حج و عمرہ نے زائرین کو کہا ہے کہ وہ 60ہزار ریال سے زیادہ رقم نہ لائیں اور ساتھ ہی ساتھ قیمتی اشیاء بھی لانے سے گریز کریں ۔