عمرہ زائرین کیلئے بڑی خبر، ویزا پالیسی میں اہم تبدیلی

   

جدہ،31 اکتوبر (یو این آئی) سعودی وزارت حج و عمرہ نے نئی عمرہ پالیسی کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق آئندہ ہفتے سے کیا جا رہا ہے ۔ سعودی وزارت حج عمرہ ویزے سے متعلق نئی تبدیلی کرنے جارہی ہے جس کے مطابق ویزا جاری کرانے کے بعد 30دن کے اندر سعودی عرب آنا ضروری ہوگا ورنہ ویزا منسوخ ہو جائے گا۔ نئے قانون کے تحت ویزا ملنے کے بعد سعودی عرب میں داخلے سے قبل کی مدت 3ماہ سے گھٹا کر ایک ماہ کی گئی ہے تاہم سعودی عرب میں داخل ہونے کے بعد عازمین کو قیام کیلئے پہلے کی طرح 3ماہ کا وقت ہی ملے گا۔ قومی کمیٹی برائے عمرہ کے مشیر احمد باجعیفر نے کہا کہ عمرہ ویزے کی مدت کے حوالے سے جاری ہونے والے ضوابط کا آغاز آئندہ ہفتے تک ہو گا۔ ‘اس کا مقصد حرمین شریفین میں غیر معمولی رش پر قابو پانا اور ان دونوں مقدس شہروں کی گنجائش کے مطابق زائرین کو عمرہ ویزے کا اجرا ہے ۔مشیر احمد باجعیفر کا کہنا ہے کہ بعض ممالک سے آنے والے زائرین عمرہ ویزہ دو یا تین ماہ قبل جاری کرا لیتے تھے اور آخری دنوں میں سعودی آتے ہیں، حرمین شریفین میں خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران اژدھام دیکھنے میں آتا تھا۔