جدہ، 16 جولائی:(ایجنسیز)سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کی سہولت اور آسانی کے لیے اہم رہنما اصول جاری کر دیے ہیں تاکہ زائرین مسجد الحرام میں پرسکون ماحول میں عبادت انجام دے سکیں۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین کو چاہیے کہ وہ مسجد الحرام میں داخل ہوتے وقت سمارٹ اور چھوٹے سائز کے بیگ یا پرس نما تھیلی کا انتخاب کریں جس میں صرف ضروری اشیا رکھی جائیں۔ اس میں شناختی دستاویز، موبائل فون، ماسک اور سینیٹائزنگ ٹشو پیک جیسی بنیادی چیزیں ہونی چاہئیں، تاکہ غیرضروری سامان کی وجہ سے زائرین کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکام کا کہنا ہے کہ بڑا اور وزنی بیگ زائر کے لیے مشقت اور پریشانی کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے اس سے گریز بہتر ہے۔ وزارت نے عمرہ زائرین کو تاکید کی ہے کہ ان کی حفاظت اور سہولت سب سے اہم ہے۔وزارت نے مزید وضاحت کی ہے کہ مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں لاکرز کی سہولت دستیاب ہے جہاں زائرین اضافی سامان محفوظ رکھ سکتے ہیں، تاہم بہتر یہی ہے کہ اضافی سامان ہوٹل یا کمرے میں چھوڑ کرآئیں تاکہ یکسوئی اور اطمینان کے ساتھ عبادت کر سکیں۔سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے یہ اقدامات زائرین کی سہولت اور حرمین میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ایک اہم کوشش ہیں تاکہ لاکھوں افراد بیک وقت بغیر کسی رکاوٹ کے عبادت انجام دے سکیں۔