مکہ مکرمہ ۔ مکہ محکمہ صحت نے کہا ہے کہ عمرہ زیارت کی بحالی کے پہلے دن کسی بھی عمرہ زائر میں کورونا کا انکشاف نہیں ہوا۔ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ عمرہ زیارت کی مرحلہ وار بحالی کے ساتھ وزارت نے زائرین کے لیے جامع منصوبہ تیارکر رکھا ہے جس پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔مسجد الحرام میں عمرے کے پہلے دن تمام زائرین کا ابتدائی معائنہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کسی بھی زائر میں کورونا نہیں تھا۔وزارت صحت کی نگرانی اور ہدایات کے مطابق عمرے کے پورے عمل کو کورونا سے پاک رکھا جا رہا ہے۔محکمے نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کی مکہ آمد سے لے کر روانگی تک ہر مرحلے میں نگرانی کی جاتی ہے۔قبل ازیں مکہ محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل المطیر نے کہا ہے کہ اجیاد جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور عمرہ زائرین کے لیے تمام صحت سے متعلق خدمات موجود ہیں۔ تمام دواخانوں اور ہیلتھ سینٹرز میں صحت کا عملہ پوری طرح مستعد ہے۔وزیرصحت کی ہدایت پر مکہ جانے والی سڑکوں اور حرم کے آس پاس کے علاقے میں معائنہ کرنے والی ٹیمیں چوکس ہیں۔یادرہے کہ گورنرمکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی زیر صدارت عمرہ کی مرحلہ وار بحالی کے لیے قائم مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا تھا او مجلس عاملہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقررایس او پیزکی پابندی کے ساتھ عمرہ انتظامات کررہی ہے۔یس او پیز زائرین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے اصولوں پر ڈیزائن کیے گئے ہیں۔