ریاض: مکہ مکرمہ میں معتمرین کو تحائف فروخت کرنے والی دکانوں نے سعودی عرب کے باہر سے بڑی تعداد میں معتمرین کی آمد کی وجہ سے ایک قابل ذکر سرگرمی ریکارڈ کی ہے۔ اپنے عزیزوں کیلئے تحائف خریدنے والوں کی بھیڑ ہے۔ مناسک عمرہ ادا کرنے کے ساتھ اس مقدس سفر کی یاد میں اور اپنے عزیزوں کو تحفہ دینے کیلئے معتمرین مکہ مکرمہ کے بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ عمرہ کرنے والا مرد ہو یا عورت وہ تحائف خریدنا چاہتا ہے اور اس حوالے سے قیمتوں کا بھی زیادہ دھیان نہیں کیا جاتا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ نے مکہ مکرمہ کے حجاج کرام ، معتمرین اور زائرین کیلئے تحائف کے بازاروں کا دورہ کیا اور ان بازاروں کی تصاویر بھی حاصل کیں جس سے معلوم ہوا کہ ان بازاروں میں زبردست بھیڑ ہے اور معتمرین تحائف خریدنے میں مشغول ہیں۔سعودی سفر و سیاحت ایسوسی ایشن کے رکن ، حج و عمرہ کے لئے قومی کمیٹی کے ایک ممبر ہانی الامیری نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں فروخت کرنے والی دکانوں پر زائرین کی آمد 85.85 فیصد بڑھ گئی ہے۔انہوں نے “العربیہ ڈاٹ نیٹ” سے گفتگو کے دوران کہا کہ مکہ مکرمہ کے بازاروں میں گذشتہ تین مہینوں کے دوران تحائف پر خرچ کرنے والے معتمرین کے حجم میں اضافہ دیکھا گیا اور فروخت کنندگان نے خوشحالی دیکھی ہے۔ سعودی عرب کے اندر اور باہر سے آنے والوں نے ریکارڈ خریداری کی ہے۔ مسجد حرام کے قریب دکانیں اور عزیزیہ میں دکانوں پر گاہکوں کارش دیکھا گیا خاص طور پر دو سال کورونا کے تعطل کے بعد اب دکانوں پر بھیڑ خوب بڑھ گئی ہے۔