عمرہ کیلئے سعودی عرب کی پابندیاں ہندوستانیوں کیلئے حل نکالنے پر زور

   

نئی دہلی : سعودی عرب کے ذریعہ عمرہ کیلئے جاری کی گئی رہنمایانہ خطوط میں ہندستان سمیت نو ممالک پر کورنٹائن کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ چند ہندوستانی ارکان پارلیمنٹ نے تشویش کا اظہار کیا اور حکومت ہند اور خاص طور سے وزارت اقلیتی امور سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی عرب سے اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے بات چیت کرکے حل نکالے۔ آسام کی اپوزیشن پارٹی آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے صدر اور ایم پی بدرالدین اجمل نے کہا کہ میری رائے ہے کہ مودی حکومت کو اس سلسلہ میں سعودی حکومت سے بات کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندستان سے عمر ہ کیلئے سعودی عرب جانے والوں کو ایک طویل عرصے تک کورنٹائن ہونا پڑتا ہے تو سب کیلئے بڑی مشکل ہوجائے گی۔ لکشدیپ ایم پی محمد فیضل نے کہا کہ انھوں نے حکومت کو کچھ اسی طرح کے معاملے میں خط لکھا تھا کیونکہ خلیجی ممالک جانے والوں کو دقتوں کاسامنا کرنا پڑرہا تھا۔