ریاض : خادم حرمین شریفین نے عازمین عمرہ کی خدمت کیلئے سعودی عرب میں جاری کوششوں اور آنے والے مہمانوں کیلئے کوروناوائرس وبا کے دوران اقدامات کے بارے میں آن لائن سمپوزیم منعقد کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے اتوار 25 جمادی الثانی 1442ھ کو امور حرمین شریفین کے نگرانکار ادارہ کے زیراہتمام سمپوزیم کو منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس سمپوزیم کا مقصد حکومت سعودی عرب کی جانب سے وبا کے دوران جاری کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔ حرمین شریفین کے تعلق سے حد درجہ احتیاط اور نگہداشت کا اہتمام کیا جارہا ہے اور اللہ کے مہمانوں میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت کے تمام شعبہ جات کے درمیان مکمل تعاون و ارتباط ہورہا ہے۔ عازمین عمرہ اور دیگر مہمانوں کی صحت کی حفاظت کیلئے مکمل احتیاط سے کام لیا جارہا ہے۔