نئی دہلی۔11؍ڈسمبر ( ایجنسیز )دہلی کی ککڑڈوما عدالت نے دہلی تشدد کیس کے ملزم عمر خالد کو بہن کی شادی میں شرکت کیلئے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپائی نے عمر خالد کو 16 دسمبر سے 29 دسمبر تک عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے کہا کہ عبوری ضمانت کی مدت کے دوران عمر خالد کسی گواہ یا کیس سے منسلک کسی سے رابطہ نہیں کریں گے جبکہ سوشل میڈیا استعمال نہ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ وہ اس دوران صرف اپنے اہل خانہ، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقات کر سکیں گے۔ اس مدت میں عمر خالد اپنے گھر اور شادی کے مقام پر موجود رہیں گے۔ عدالت نے عمر خالد کو بیس ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
عمر خالد نے اپنی بہن کی شادی میں شرکت کے لیے 14 دسمبر سے 29 دسمبر تک عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی۔ ان کی بہن کی شادی 27 دسمبر کو مقرر ہے۔سپریم کورٹ اس وقت عمر خالد اور دیگر شریک ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کر رہی ہے۔ اس سے پہلے، دہلی ہائی کورٹ نے 2 ستمبر کو عمر خالد کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ اس سے قبل ککڑڈوما کورٹ نے انہیں 28 دسمبر 2024 تک ایک خاندانی شادی میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت دی تھی جس کے بعد ا نہوں نے 3 جنوری کو خودسپردگی کر دی تھی۔ عمر خالد 13 ستمبر 2020 سے حراست میں ہیں۔