پداپلی میں ٹول فری نمبر 14567 کے پوسٹر کی رسم اجرائی ، ضلع کلکٹر کا خطاب
پداپلی :عمر رسیدہ افراد کی مدد کی خاطر حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے ٹول فری نمبر 14567 سے متعلق وسیع پیمانے پر تشہیر کروانے کی ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ “بزرگوں کے ساتھ بد سلوکی سے آگاہی” کے عالمی دن کے موقع پر ٹول فری نمبر کے پوسٹر کی ضلع کلکٹر نے بروز چہارشنبہ15/ جون شام چار بجے اپنے چیمبر میں رسم اجرائی عمل میں لائی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی میں سال 2011 سے ہر سال 15 جون کو بزرگوں کے ساتھ بد سلوکی سے آگاہی کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہمارے سماج میں عمر رسیدہ افراد کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ عمر رسیدہ افراد کے تئیں لاپرواہی برتنے پر، ذہنی ہراسانی، جسمانی استحصال، مالی ہراسانی یا کسی بھی قسم کے تشدد میں مرتکب افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ عمر رسیدہ افراد کے لئے حکومت کی جانب سے ٹول فری نمبر 14567قائم کیا گیا ہے، جو روزآنہ صبح 8 بجے تا رات 8 بجے تک عوام کے لئے زیر دستیاب ہے۔ عمر رسیدہ افراد کو اس نمبر سے مستفید ہونے کی ضلع کلکٹر نے اپیل کی۔ ٹول فری نمبر 14567 سے متعلق عوام میں وسیع پیمانے پر شعور اجاگر کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے، سماجی میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے کی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو تاکید کی۔ضلع ایڈیشنل کلکٹر جناب لکشمی نارائنا، جناب سارنگپانی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، جناب محمد رؤف خان ڈسٹرکٹ ویلفیئر آفیسر، جناب کے راجیا سپرنٹنڈنٹ، جناب محمد رفیع فیلڈ ریسپانس آفیسر، جناب سی وی جیون راجو صدر پنشنرز ایسوسیشن ضلع پداپلی، متعلقہ عہدیداران ودیگر نے اس نقاب کشائی پروگرام میں شرکت کی۔