سری نگر، 2 نومبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی نے اتوار کی صبح سری نگر میں کشمیر میراتھن 2.0 – 2025 کو مشترکہ طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس دوڑ کا آغاز یہاں صبح 6 بجے پولو ویو سے ہوا جس میں شرکا نے خوبصورت بلوارڈ روڈ سے دوڑتے ہوئے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے پر کیف نظاروں کا لطف اٹھایا۔اس میراتھن کا انعقاد محکمہ سیاحت کشمیر کی طرف سے جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے تعاون سے کیا گیا جس میں متعدد زمروں جیسے مکمل میراتھن (42کلومیٹر)، ہاف میراتھن( 21کلومیٹر)، اور شوقیہ اور مقامی شرکاء کیلئے مختصر دوڑ شامل تھے ۔ حکام کے مطابق اس سال کے ایڈیشن میں ملک بھر کی 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 1,500 سے زیادہ رنرز اور 11 ممالک کے 77 غیر ملکی شرکاء نے حصہ لیا جو عالمی کھیلوں کے نقشے پر کشمیر کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے ۔ اس موقع پر سنیل شیٹی نے میڈیا کو بتایا کہ لوگ کشمیر اور ہندوستان کیلئے دوڑ لگا رہے ہیں، ہر عمر کے لوگوں میں جوش و خروش دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں آ کر بہت خوش ہوں اور ہر سال آنے کی کوشش کروں گا تاکہ مزید شرکت کی حوصلہ افزائی کی جا سکے ۔ کشمیر میراتھن، جس کا یہ دوسرا ایڈیشن ہے ، کا مقصد وادی میں سیاحت، فٹنس اور ہم آہنگی کے جذبہ کو فروغ دینا ہے ۔