سری نگر۔ 13 ستمبر (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت شعبہ سیاحت کی بحالی کے لئے کام کر رہی ہے اور سیاحوں کو واپس کشمیر لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عمر عبداللہ ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ موصوف صدر نے ہفتہ کو پہلگام میں میڈیا کو بتایا: ‘پہلگام میں 22 اپریل کو جو واقعہ پیش آیا اس سے سیاح ڈر گئے ، اس ڈر کو نکالنے کے لئے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ملک کے مخلتف حصوں کا دورہ کر رہی ہے ، آج بھی عمر صاحب چنئی میں ہیں تاکہ سیاحوں کو کشمیر کی طرف دوبارہ راغب کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو یہاں گالف ٹورنامنٹ ہے اس کا مقصد بھی یہی ہے کہ سیاحوں کو یہ بتایا جائے کہ یہاں حالات ٹھیک ہیں، اور سیاحوں کو یہاں آنا چاہئے ۔ رکن اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی بھی غلطی ہے انہوں نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم صاحب اور وزیر داخلہ صاحب سے بات کی کہ ملک صاحب پر عائد پی ایس اے کو واپس لیا جائے ، معراج ملک کو بھی اپنے الفاظ واپس لینے چاہئے ، یہ مسئلے کو سلجھانے کا سب سے بہترین حل ہے۔