سری نگر۔ 4 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ جہاں خود سال گزشتہ کے 5 اگست سے سیاسی منظر نامے سے مسلسل اوجھل ہیں وہیں ان کا ٹویٹر ہینڈل، جس پر وہ ہر معاملے پر فوری طور ٹویٹ کرنے کے لئے مشہور تھے ، بھی نصف برس سے غیر متحرک اور غیر فعال ہیں تاہم پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے ٹویٹر ہینڈل کو ان کی صاحبزادی نے متحرک رکھا ہوا ہے ۔یاد رہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 ء کے جموں کشمیر کو دفعہ 370 و دفعہ 35A کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلوں کے اعلان کے بعد سے عمرعبداللہ اور محبوبہ مفتی مسلسل نظر بند ہیں۔عمر عبداللہ کا ٹویٹر ہینڈل ما قبل 5 اگست 2019 ء اس قدر متحرک تھا کہ سیاسی ناقدین انہیں ’ٹویٹر ٹائیگر‘کے لقب سے یاد کرتے تھے ۔ کسی بھی چھوٹے بڑے معاملے یا سرگرمی پر فوری طور پر ٹویٹ کرکے اپنا نقطہ نگاہ ظاہر کرنا ان کا طرہ امتیاز تھا لیکن 5 اگست 2019 ء سے ان کا ٹویٹر ہینڈل ان ہی کی طرح خاموش ہے ۔عمر عبداللہ کے ٹویٹر پر زائد از 30 لاکھ فالوورس ہیں جبکہ خود وہ 467 افرد کو فالو کرتے تھے ۔ انہوں نے ٹویٹر ہینڈل پر آخری ٹویٹ پانچ اگست کو ہی کیا ہے جو اس وقت کے سایہ فگن مخدوش صورتحال کے متعلق ہے ۔