نئی دہلی: ہندوستان کے سابق اولمپک میڈلسٹ باکسر وجیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک متنازعہ سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا عمرکی جعل سازی (ایج فراڈ) اب کرکٹ میں بھی داخل ہو چکی ہے؟ انہوں نے لکھا کہ بھائی آج کل عمر چھوٹی کر کے کرکٹ میں بھی کھیلنے لگے! یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے راجستھان رائلزکے نوجوان بیٹر ویبھو سوریا ونشی کی عمر پر سوالات اٹھائے ہیں، جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بتائے جا رہے ہیں۔ ویبھو نے پیرکو جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف صرف 35 گیندوں پر شاندار سنچری اسکورکر کے کئی ریکارڈز توڑے۔ یہ کسی بھی ہندوستانیکھلاڑی کی طرف سے آئی پی ایل میں سب سے تیز سنچری تھی اور مجموعی طور پر دوسری تیز ترین سنچری بھی ہے ۔ صرف 14 سال اور32 دن کی عمر میں یہ شاندار اننگزکھیلنے والے ویبھو نے نہ صرف آئی پی ایل بلکہ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم عمر سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ سوشل میڈیا پر مختلف صارفین نے ان کی عمر پر شک ظاہرکیا ہے۔ ایک صارف نے پوسٹ کیا: چاہے ویبھو نے ایج فراڈ کیا ہو، لیکن 15-16 سال کی عمر میں ایسی پاور ہٹنگ پاگل پن ہے! ایک اور صارف نے ویبھو کا پرانا انٹرویو ویڈیو شیئرکرتے ہوئے لکھا: ویبھو کی عمر جتنی بتائی جا رہی ہے، وہ اس سے زیادہ ہے۔ یہ 3-4 سال پرانی ویڈیو ہے جہاں وہ خود کہتا ہے کہ وہ اپنی عمر سے چھوٹا دکھائی دیتا ہے۔ یہ معاملہ بی سی سی آئی کو سنجیدگی سے دیکھنا چاہیے اور اگر وہ قصوروار پایا جائے تو پابندی عائد کی جائے۔ عمر کی جعل سازی ہندوستان میں خاص طور پر جونیئر اور عمرکی ابتدائی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں ایک سنجیدہ مسئلہ رہی ہے۔ بی سی سی آئی نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔