عنبرپیٹ رہزنی کیس کا معمہ حل، تین رہزن گرفتار

   

ملزمین میں طالب علم اور سوئیگی کا ڈیلیوری بوائے بھی شامل

حیدرآباد ۔ /28 جولائی (سیاست نیوز) ایسٹ زون پولیس نے شہر کے علاقے عنبرپیٹ ڈی ڈی کالونی میں گزشتہ روز پیش آئے رہزنی کی سنگین واردات کا معمہ حل کرتے ہوئے تین رہزنوں بشمول ایک طالبعلم اور سوئیگی ڈیلیوری بوائے کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کی دوپہر عنبرپیٹ ڈی ڈی کالونی کی ساکن 55 سالہ بی انوسویا کو اُس وقت رہزنوں نے نشانہ بنایا جب وہ علاقہ سے گزررہی تھی ۔ نامعلوم رہزنوں نے خاتون کے گلے سے چار تولے وزنی منگل سوتر اڑالیا تھا اور وہاں سے فرار ہوگئے تھے ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی اور پولیس نے عنبرپیٹ کے علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی مدد سے رہزنوں کی نقل و حرکت کا پتہ لگالیا تھا اور ان کی گاڑی کا نمبر بھی حاصل کرلیا تھا ۔ رہزنوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی اور شواہد کی بنیاد پر پولیس نے 19 سالہ ہرشا جوشی انٹرمیڈیٹ طالبعلم اور اس کے دو ساتھی 18 سالہ پی منوج کمار جو پیشہ سے سوئیگی کمپنی کا ڈیلیوری بوائے ہے اور 22 سالہ ٹھاکر اشون سنگھ اے سی ٹیکنیشین کو جین مندر کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن کے قریب گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے گرفتار رہزنوں نے خواتین کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا اور پلسر گاڑی پر رہزنی کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگین واردات انجام دینے کے بعد منوج کمار نے اپنے کپڑے بدل لئے تھے اور ہیلمیٹ بھی چھپادیا تھا ۔ عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن کے کانسٹبل امرناتھ ، کے ستیہ اور دیگر نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسروقہ طلائی چین برآمد کرلئے ۔ گرفتار رہزنوں کو عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ۔