عنبرپیٹ فلائی اوور کا آئندہ ماہ کے اواخر میں افتتاح

   

تعمیری کام آخری مرحلہ میں، 450 کروڑ روپیوں کا خرچ

حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے علاقہ عنبرپیٹ فلائی اوور برج کا افتتاح بہت جلد کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی حکام کی جانب سے فلائی اوور کے باقی کاموں کو مکمل کرنے کے لئے تیزی سے کام انجام دیا جارہا ہے۔ اس فلائی اوور کا چیف منسٹر ریونت ریڈی افتتاح کریں گے۔ عنبرپیٹ کے 1.5 کیلو میٹر طویل فلائی اوور کے افتتاح کے بعد ٹریفک کی آمد و رفت بہتر ہوجائے گی۔ فلائی اوور چار لائن پر بنایا جارہا ہے۔ ورنگل ہائی وے سے شہر میں داخل ہونے والے مسافروں کے سفر کے وقت میں کمی آئے گی۔ فلائی اوور کی تعمیر کے لئے 450 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے جس میں زمین کے حصول کے لئے 300 کروڑ روپئے بھی شامل ہیں۔ یہ فلائی اوور گول ناکہ سے شروع ہوکر ایم سی ایچ کوارٹرس کے قریب پونودیا کالونی کے قریب ختم ہوتا ہے۔ یہ پراجکٹ 2018 ء میں شروع ہوا تھا جس میں زمین کے حصول میں تاخیر ہوئی اور تعمیری کام 2021 ء میں شروع ہوا۔ اس پراجکٹ کو 2023 ء میں مکمل کرنے کا منصوبہ تھا لیکن کام میں تاخیر کی وجہ سے فلائی اوور کا افتتاح اگلے سال جنوری کے اواخر تک کرنے کا امکان ہے۔