عنبرپیٹ میں اوور بریج اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ

   

عہدیداروں کو پرنسپل سکریٹری اروند کمار کی ہدایت
حیدرآباد: پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ عنبرپیٹ اسمبلی حلقہ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حسین ساگر سرپلس نالہ کی دیوار کی تعمیر کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں اور جون کے پہلے ہفتہ میں تعمیری کام شروع ہونے چاہئے ۔ انہوں نے فلائی اوور کی تعمیر کے بارے میں عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 281 جائیداد مالکین کو معاوضہ ادا کیا جاچکا ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے پاس 9 کروڑ روپئے ڈپازٹ کئے ہیں۔ اروند کمار نے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فلائی اوور کی تعمیر کا کام جلد شروع کریں۔ انہوں نے مختلف جنکشن کے ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ عنبرپیٹ کے علاقہ میں بس شیلٹرس کی تعمیر کیلئے مقامات کی نشاندہی کی جائے ۔ بڑے پارکس میں واکنگ ٹریک ، لائیٹنگ اور دیگر بنیادی سہولتوں کو فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے واٹر ورکس حکام سے کہا کہ علاقہ میں پانی کے پریشر میں کمی کے مسئلہ پر توجہ دیں اور پائپ لائین کی تبدیلی کیلئے حکومت کو تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے متعلقہ رکن اسمبلی کو تیقن دیا کہ قبرستانوں کے لئے اراضی کے مسئلہ کو ریونیو ڈپارٹمنٹ سے رجوع ہوں گے ۔ اروند کمار نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں کوئی تساہل نہیں ہونا چاہئے۔