عنبرپیٹ واقعہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ کا سخت نوٹ، آج سماعت ہوگی

   

اخباری اطلاعات رٹ پٹیشن میں تبدیل، قدیر خاں ہلاکت کے بعد دوسرے واقعہ پر ہائی کورٹ متحرک
حیدرآباد۔/22فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے عنبر پیٹ میں آوارہ کتوں کے حملے میں کمسن لڑکے کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹ لیتے ہوئے اس معاملہ کی از خود سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس تکا رام جی پر مشتمل ڈیویژن بنچ پر کل 23 فروری کو اس معاملہ کی سماعت ہوگی۔ عنبر پیٹ واقعہ کے بارے میں اخبارات میں شائع شدہ رپورٹس کو چیف جسٹس نے رٹ پٹیشن میں تبدیل کرتے ہوئے کل سماعت مقرر کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ اپنی سماعت میں حکومت اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے رپورٹ طلب کرے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے میدک میں پولیس کی اذیت رسانی میں عبدالقدیر خاں نامی نوجوان کی ہلاکت کے معاملہ کا بھی از خود نوٹ لیتے ہوئے سماعت کی اور چیف سکریٹری، ڈی جی پی، ایس پی میدک، ڈی ایس پی میدک اور اسٹیشن ہاوز آفیسر کو مقدمہ میں فریق بناتے ہوئے جوابی حلفنامہ طلب کیا ہے۔ تازہ ترین معاملہ میں تین دن قبل عنبرپیٹ کے علاقہ میں آوارہ کتوں کے حملے میں چار سالہ کمسن پردیپ کی موت واقع ہوگئی۔ اس واقعہ کے بعد عوامی ناراضگی میں اضافہ ہوچکا ہے اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آوارہ کتوں کے خلاف مہم شروع کی گئی۔ پردیپ کے افراد خاندان کا تعلق نظام آباد کے اندلوائی سے ہے۔ پردیپ کی پیدائش کے بعد ان کے والد گنگادھر تلاش معاش میں حیدرآباد آگئے اور باغ عنبرپیٹ ڈیویژن میں ایک سرویسنگ سنٹر میں واچ مین کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ گنگادھر کو پردیپ کے علاوہ چھ سالہ دختر میگھنا ہے۔ اتوار کے دن وہ اپنے بچوں کو لے کر سرویسنگ سنٹر پہنچے۔ میگھنا کو پارکنگ سیکوریٹی کیبن میں بٹھاکر پردیپ کو سرویسنگ سنٹر دکھانے کیلئے لے گئے۔ کچھ دیر بعد پردیپ کو تنہا پاکر 4 آوارہ کتوں نے حملہ کردیا اور بری طرح زخمی کردیا۔ پردیپ کو زخمی حالت میں قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے مردہ قرار دیا۔ سرویسنگ سنٹر کے مالک کی جانب سے 50 ہزار روپئے کی امداد کے بعد گنگادھر کے افراد خاندان نے اندلوائی میں پردیپ کی آخری رسومات انجام دی۔ ر
ٹیچرس ایم ایل سی نشست کیلئے 9 پرچہ جات نامزدگی
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کیلئے آج کوئی بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں ہوا۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے تک ریٹرننگ آفیسر کے پاس ایک بھی پرچہ نامزدگی داخل نہیں ہوا جبکہ کل 23 فروری پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نشست کیلئے مجلس کے امیدوار مرزا رحمت بیگ آخری دن پرچہ نامزدگی داخل کریں گے اور ان کا متفقہ طور پر انتخاب ہوگا۔ دوسری طرف حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل ٹیچرس ایم ایل سی نشست کیلئے آج 9 پرچہ جات داخل کئے گئے۔ر