عنبر پیٹ فلائی اوور اندرون ماہ عوام کے لیے کھول دیا جائے گا

   

ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر پر حکومت کے اقدامات ، وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔19۔جون(سیاست نیوز) عنبر پیٹ فلائی اوور اندرون ایک ماہ عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ریاست میں شاہراہوں کی ترقی بالخصوص ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جائیں گے اور کنٹراکٹرس کو بقایا جات کی ادائیگی کے ذریعہ ان کاموں کو جلد شروع کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج محکمہ کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران یہ بات کہی۔ سیکریٹریٹ میں منعقدہ اس جائزہ اجلاس کے دوران ریاستی وزیر نے عہدیداروں سے ریجنل رنگ روڈ کے تعمیری کاموں کے علاوہ آؤٹر رنگ روڈ کے توسیعی کاموں کے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ ان شاہراہوں کی تعمیرات کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے اس جائزہ اجلاس کے دوران ورنگل کے علاوہ دیگر مقامات پر زیر تعمیر سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹلس کے موقف کے متعلق بھی عہدیداروں سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے اطراف تعمیر کی گئی آؤٹر رنگ روڈ کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کی جو ترقی ہوئی ہے اسی طرز پر ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے ذریعہ شہر کے مضافاتی اور RRR کے دائرہ میں آنے والے علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیشرو حکومت کی جانب سے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے لئے کنٹراکٹرس کو بروقت قیمتوں کی عدم ادائیگی کے نتیجہ میں یہ کام زیر التواء ہیں جنہیں فوری طور پر شروع کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اپل الیویٹیڈ فلائی اوور کے بعد 4.4کیلو میٹر تک شاہراہ کو 6لائن کی توسیع کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عنبرپیٹ فلائی اوور کے کام قریب الختم ہیں ان کاموں کی اندرون ایک ماہ تکمیل کے بعد اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع نے بتایا کہ ریاست میں شاہراہوں کو بہتر بنانے کے لئے قومی شاہراہ نمبر 65 پر ایسے مقامات کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جہاں سے آگے کا راستہ نظر نہیں آتا۔ ان راستوں کو بہتر بناتے ہوئے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام شاہراہوں پر کسی بھی طرح کی مشکلات نہ ہوں اس طرح سے انتظامات کریں اور 24 گھنٹے مسائل کے حل کے لئے دستیاب رہتے ہوئے شاہراہوں کو حادثات سے پاک بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سڑک حادثات سے پاک شاہراہوں کی تعمیر کو یقینی بنایا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہندستان ایسا ملک ہے جہاں شاہراہوں پر سب سے زیادہ حادثات ہوتے ہیں اور ہندستان میں تلگو ریاستیں ایسی ریاست ہیں جہاں سب سے زیادہ شاہراہوں پر حادثات پیش آتے ہیں اسی لئے محفوظ سفر کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔3