عنبر پیٹ میں اردو اور تلگو میڈیم اسکول قائم کیا جائے

   

چیف منسٹرپر دباؤ بنانے کشن ریڈی سے ہنمنت راؤ کا مطالبہ

حیدرآباد۔/6 جون، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عنبر پیٹ میں زیر التواء کاموں کی تکمیل کیلئے ریاستی حکومت پر اپنے اثر و رسوخ کے استعمال کی اپیل کی ہے۔ رامنتا پور کے قریب اردو اور تلگو میڈیم اسکول کے قیام کا طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ مہاتما جوتی راؤ پھولے آڈیٹوریم کی تعمیر بھی زیر التواء ہے۔ کشن ریڈی کو ارسال کردہ مکتوب میں ہنمنت راؤ نے کہا کہ جوتی راؤ پھولے آڈیٹوریم کا کام عنبر پیٹ کے علاقہ میں زیر تکمیل ہے۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں 7 کروڑ روپئے آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے منظور کئے گئے تھے جو سابق میں گوتو لچنا آڈیٹوریم کے نام سے مشہور تھا۔ سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے عنبرپیٹ میں آڈیٹوریم کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ یہ پراجکٹ پسماندہ طبقات اور دیگر کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے شروع کیا گیا اور درکار اراضی الاٹ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رامنتا پور کے قریب اردو اور تلگو میڈیم اسکولس کیلئے طویل عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن ابھی تک اس کی تکمیل نہیں کی گئی۔ حکومت نے سرواسکھشا ابھیان کے تحت علحدہ عمارت تعمیر کی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کشن ریڈی سے اپیل کی کہ وہ عنبرپیٹ کے زیر التواء مسائل کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کریں اور اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں-