عنبر پیٹ میں ایک سب انسپکٹر پولیس کی خودکشی

   

حیدرآباد ۔ 23 ڈسمبر ( سیاست نیوز) عنبر پیٹ کے علاقہ میں ایک سب انسپکٹر نے خودکشی کرلی ۔ اس اطلاع کے ساتھ پولیس کے حلقوں میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 42سالہ سب انسپکٹر سائی گرو گوڑ نے آج عنبر پیٹ پٹیل نگر میں واقع اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔ سائی گرو گوڑ اس وقت مکان میں اکیلا تھا اور اس پولیس عہدیدار کی بیوی ان کے بچوں کو اسکول چھوڑنے گئی تھی ، جب وہ واپس پہنچی تو اس کا شوہر پھانسی پر لٹکا ہوا تھا ۔ نرملا نے فوری 108 کو فون کیا اور ایمبولنس کے عملہ نے پٹیل نگر پہنچ کر سائی گوڑ کی جانچ کی ، جس پر وہ فوت ہوگیا تھا ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد عنبر پیٹ پولیس نے بتایا کہ سائی گوڑ خرابی صحت اور ڈپارٹمنٹل پروموشن نہ ملنے سے کافی پریشان تھا ۔ڈپارٹمنٹ میں عہدے پر ترقی نہ ملنے اور اس کے ساتھی بیاچ والوں کو سرکل انسپکٹر کے عہدوں پر ترقی ہونے کے بعد سے سائی گوڑ اپنے مستقبل سے کافی فکر مند تھا اور شادی سے قبل وہ موٹر سائیکل سے گرکر حادثہ کا شکار ہوگیا تھا ۔