عنقریب حیدرآباد میں موٹر گاڑیوں کے بیٹریوں کی تبدیلی کے مراکز

   

ماحولیاتی تحفظ کی تجویز ، مرکزی حکومت سے منظوری
حیدرآباد۔21 فروری(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے الکٹرانک موٹر وہیکل کے استعمال کے ذریعہ ماحولیات کے تحفظ میں تعاون کرنے والوں کے لئے بیٹریوں کی تبدیلی کے لئے اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ کیاگیا ہے اور جلد ہی شہر حیدرآباد کے تمام زون میں کم از کم 6 بیٹری تبدیل کرنے کے اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکز کو روانہ کردہ منصوبہ کے مطابق شہر حیدرآباد میں الکٹرانک گاڑیوں کے استعمال کے کلچر میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں بیٹری تبدیل کرنے کے مراکز کاقیام عمل میں لایا جائے۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد کے 4 زونس میں الکٹرانک وہیکل انفراسٹرکچر پلانٹ کے قیام کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے منظوری دی جا چکی اور ان پلانٹس کے قیام کے بعد الکٹرانک موٹر وہیکل کا استعمال کرنے والوں کو بیٹری چارج کرنے کے لئے مشکلات کاسامنا کرنا نہیں پڑے گا بلکہ بیٹری ختم ہونے کی صورت میں موٹر کار یا موٹر وہیکل کے مالکین ان چارجنگ اسٹیشنس پر چارجنگ کے لئے وقت ضائع کئے بغیر بیٹری تبدیل کرسکتے ہیں اور مراکز پر یہ سہولت دستیاب رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر کم لاگت کے مراکز اور بیٹری کے استعمال کے ذریعہ اسٹیشنس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور بتدریج ان کے معیار میں بہتری لائی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق ہندستان میں الکٹرانک موٹر وہیکل کے استعمال کے رجحان میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے دنیا بھر میں بیٹری کی تبدیلی کی سہولت فراہم کرنے والی کئی کمپنیاں مرکزی و ریاستی حکومتوں سے رجوع ہورہی ہیں تاکہ ہندستان کے ان سرکردہ شہریوں میں بیٹری تبدیل کرنے کے مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے جن شہروں میں الکٹرانک موٹر وہیکل کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ الکٹرانک موٹر وہیکل کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ عوام کو چارجنگ اسٹیشن کی سہولت کے ساتھ ساتھ بیٹری تبدیل کرتے ہوئے فوری روانہ ہونے کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو چارجنگ کے لئے انتظار نہ کرنا پڑے اور اپنی گاڑی کی بیٹری چارجنگ کے لئے لگاتے ہوئے چارج ہو چکی بیٹری اپنی گاڑی میں لگا لیں اور اس اسٹیشن سے روانہ ہوجائیں۔ الکٹرانک موٹر وہیکل کی تیاری کرنے والی کمپنیوں کے ذمہ داروں کے مطابق بیشتر گاڑیوں میں استعمال ہونے والی بیٹری اور اس کا معیار یکساں ہوتا ہے اور ان کی تبدیلی سے گاڑیوں کی رفتار یا وزن میں کوئی فرق نہیں پڑتا اسی لئے بیٹری کی تبدیلی کے اسٹیشن کا قیام عوام کے لئے بڑی سہولت ثابت ہوں گے۔م