عنقریب مزید بی آر ایس ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت

   

کئی ارکان مجھ سے ربط میں، انحراف پر اسپیکر کا عنقریب فیصلہ: مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد ۔22۔نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد بی آر ایس کے مزید ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کے ٹی آر کے ہمراہ دکھائی دینے والے 2 تا 3 ارکان اسمبلی ان سے ربط میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے انحراف کے مسئلہ پر اسپیکر اسمبلی جلد اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بھی انہیں انصاف ملنے کی امید ہے اور تلنگانہ ہائی کورٹ نے انحراف کے مسئلہ پر اسپیکر کو مکمل اختیارات کی بات کہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے متاثر ہوکر ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ کانگریس سے ربط میں رہنے والے ارکان کی تعداد کا عنقریب ہر کسی کو پتہ چل جائے گا۔ کانگریس اور حکومت پر ارکان اسمبلی کو انحراف کیلئے دباؤ بنانے سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اپنے اسمبلی حلقہ جات کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے آج کے فیصلہ کے بعد کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان کو راحت ملی ہے۔ تاحال 10 بی آر ایس ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں ، امید کی جارہی ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد مزید ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوں گے کیونکہ شمولیت پر رکنیت سے نااہل قرار دینے کا خطرہ ٹل چکا ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو 39 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی، بعد میں کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ میں کانگریس نے ضمنی چناؤ میں کامیابی حاصل کی۔ 10 ارکان کے انحراف کے بعد بی آر ایس ارکان کی تعداد گھٹ کر 28 ہوچکی ہے۔ ہائی کورٹ میں زیر دوران مقدمہ کے سبب ارکان اسمبلی انحراف کے سلسلہ میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے گریز کر رہے تھے۔ 1