عنقریب نئے راشن کارڈس اور آسرا پنشن جاری کئے جائیں گے

,

   

جڑچرلہ میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لینے کے بعد کے ٹی آر کا خطاب

حیدرآباد ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ریاست میں تمام اہل افراد کے لئے نئے راشن کارڈس اور نئے آسرا پنشن جاری کرنے کا اعلان کیا۔ جڑچرلہ ضلع محبوب نگر میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لینے کے بعد انہوں نے عوام خطاب کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر سرینواس ریڈی، ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر لکشما ریڈی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تمام شعبے سے تیزی سے ترقی کررہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست کی تقسیم سے قبل اور تقسیم کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلگودیشم اور کانگریس کے دور حکومت میں پنشن حاصل کرنے کے لئے جنگ جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ میں 40 لاکھ افراد کو پنشن دے رہی ہے۔ بہت جلد اہل و مستحق افراد میں نئے راشن کارڈس اور پنشن تقسیم کئے جائیں گے۔ ماضی میں اپریل اور مئی کے ماہ میں برقی کٹوتی ہوا کرتی تھی۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 24 گھنٹے بلا وقفہ میعاری برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ وزیر آئی ٹی و صنعت نے کہا کہ پولے میں آئی ٹی سٹیز کے قیام کے لئے رکن اسمبلی لکشما ریڈی نے جو کوشش کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ اس آئی ٹی سٹیز سے جڑچرلہ کی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جڑچرلہ بڑی تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر خصوصی منصوبہ بندی کے ساتھ شہروں اور دیہی علاقوں کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔ 10 گنا اضافہ کرکے آسرا پنشن دینے کا اعزاز صرف ریاست تلنگانہ کو ہے۔ ریاست میں تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ کرنے کے لئے ریزڈنشیل اسکولس کا جال بچھایا جارہا ہے۔ ہر ایک طالب علم پر ایک لاکھ 25 ہزار روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ دوسری جانب اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے فیس ری ایمبیسمنٹ فراہم کیا جارہا ہے۔ کورونا بحران کے پیش نظر خانگی ٹیچرس کو ماہانہ 2 ہزار روپے اور 25 کیلو چاول فراہم کیا جارہا ہے۔