عنقریب وائرس ٹسٹنگ ویان کا احیاء

   

بازاروں ، محلہ جات میں معائنے ، محکمہ صحت کی تیاری
حیدرآباد۔19جنوری (سیاست نیوز) محکمہ صحت کی جانب سے دوبارہ موبائیل ٹسٹنگ ویان شروع کی جائیں گی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبا د کے حدود میں شہریوں کے کورونا وائرس معائنوں میں اضافہ کے لئے موبائیل ٹسٹنگ کا آغاز کیا جائے گا اور شہر کے گہما گہمی والے علاقوں ‘ بازاروں اورمحلہ جات میں کورونا وائرس کے معائنوں میں تیزی لائی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے معائنوں میں کمی کی مسلسل شکایات کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی ہدایات اور یومیہ ایک لاکھ سے زائد معائنوں کو یقینی بنائے جانے کے احکامات اور شہر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فیصلہ کیاگیا ہے کہ محکمہ صحت کے تعاون سے شہرکے زیادہ متاثرہ علاقوں اور بازاروں کے درمیان شہریوں کے معائنوں کے اقدامات کئے جائیں اور جابجا کورونا وائرس کے معائنوں کی سہولت فراہم کی جائے ۔ دونوں شہروں میں فی الحال ایک بجے دن تک ہی کورونا وائرس کے معائنوں کی سہولت موجود ہے جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس کے معائنہ کے لئے 24گھنٹے سہولت کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی ذرائع کے مطابق ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے علاوہ شہر حیدرآباد میں شہریوں کی سہولت کے پیش نظر معائنوں کے لئے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور ا س سلسلہ میں ریاستی حکومت سے دروخواست کی گئی ہے کہ وہ شہری حدود میں گنجان آبادی والے محلہ جات‘ بازاروں اور سڑکوں پر موبائیل ویانس کے ساتھ معائنوں کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت دے ۔ اگر حکومت کی جانب سے اجازت فراہم کردی جاتی ہے تو ایسی صورت میں آئندہ2 یوم کے دوران موبائیل ٹسٹنگ ویانس کا آغاز کردیا جائے گا اور ان موبائیل ٹسٹنگ ویانس کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے ٹیکہ کی سہولت بھی شروع کی جائے گی۔م