حیدرآباد میں ویدیشی بھون کیلئے اراضی کا الاٹمنٹ، جرنلسٹوں کیلئے پاسپورٹ میلہ، وشنووردھن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت تلنگانہ نے شلپارامم کے قریب ’’ویدیشی بھون‘‘ کی تعمیر کیلئے ڈھائی ایکڑ اراضی فراہم کی ہے اور جاریہ سال کے اختتام سے قبل مرکزی وزیرخارجہ مسٹر ایس جئے شنکر کے ہاتھوں مجوزہ ویدیشی بھون کا سنگ بنیاد رکھے جانے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں غیرمجاز پاسپورٹس و ڈبل پاسپورٹس وغیرہ کا تدارک کرنے کیلئے بہت جلد یا آئندہ سال کے آغاز پر ملک بھر میں ’’ای چپ E-CHiP‘‘ پاسپورٹ کو متعارف کیا جائے گا۔ آج پاسپورٹ سیوا کیندرم واقع بیگم پیٹ میں خصوصی طور پر ’’جرنلسٹوں اور ان کے افراد خاندان کیلئے‘‘ پریس کلب حیدرآباد کے زیراہتمام منظم کردہ پاسپورٹ میلہ کا آغاز کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ انکشاف کیا۔ انہوں نے ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کی کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاسپورٹس کی اجرائی کیلئے کئے جانے والے ’’ویریفیکیشن معاملہ میں‘‘ ریجنل پاسپورٹ آفس کو ملک گیر سطح پر پہلا مقام اور پاسپورٹس کی اجرائی میں دسواں مقام حاصل ہے۔ مسٹر وشنو وردھن ریڈی نے بتایا چونکہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد پاسپورٹس اجرائی کی تعداد میں بھی کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور اس طرح اب آندھرائی علاقہ کے عوام اپنے ہی علاقوں سے پاسپورٹس کے حصول پر اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ آدھار کارڈ کی بنیاد پر کسی بھی پاسپورٹ آفس سے پاسپورٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پاسپورٹ کے حصول میں آسانی کیلئے تلنگانہ میں سابقہ متحدہ ضلع مستقروں پر قائم کردہ 14 پاسپورٹ سیوا کیندرس کے ذریعہ سال 2018ء میں 45 ہزار درخوستگذاروں نے اور سال 2019ء میں چھ ماہ کے دوران جملہ 35 ہزار درخواستگذاروں نے پاسپورٹ حاصل کئے۔ مسٹر وشنووردھن ریڈی نے بتایا کہ ملک گیر سطح پر جملہ 414 پاسپورٹ سیوا کیندرس پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2018ء میں ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کو موصولہ 5.42 لاکھ درخواستوں کے منجملہ 5.20 لاکھ پاسپورٹس کی اجرائی عمل میں لائی گئی اور سال 2019ء کے وران (چھ ماہ میں) جملہ (2.82) لاکھ پاسپورٹس کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2019ء میں اب تک 77 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ مسٹر وشنووردھن ریڈی نے ریاست کے عوام سے پاسپورٹ کے حصول کیلئے راست پاسپورٹ دفاتر یا پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کندروں سے ربط کرنے کی خواہش کی۔ اس موقع پر مسٹر وجئے کمار ریڈی سکریٹری پریس کلب حیدرآباد راج مولی چاری کے علاوہ پریس کلب حیدرآباد کے دیگر عہدیدار اور ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ مسٹر وجئے کمار ریڈی نے جرنلسٹوں اور ان کے افراد خاندان کیلئے پاسپورٹ میلے کے انعقاد پر ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد و دیگر عہدیداران حیدرآباد پاسپورٹ آفس سے اظہارتشکر کیا۔
